لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کلاسیفائیڈ ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ڈائریکٹری جاری کردی

Aug 02, 2018

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کلاسیفائیڈ ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ڈائریکٹری جاری کردی ہے جس میں تمام کاروباری شعبوں سے متعلق جامع ڈیٹا موجود ہے ۔ ڈائریکٹری کی تقریبِ رونمائی سے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدخواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے خطاب کیا۔لاہور چیمبر کی کلاسیفائیڈ ٹریڈ انڈ انڈسٹری ڈائریکٹری میں 3837مینوفیکچررز، 3889ایکسپورٹرز، 6860امپورٹرز، 3245ٹریڈرز، 44انڈینٹنگ ایجنٹس اور 5282سروسز سیکٹرز کا ڈیٹا دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر 72بڑے کاروباری شعبوں پر مشتمل ہے جنہیں 473سب کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاویدنے کہا کہ کاروبار کرنے والی ہر فرم کے لیے یہ ڈائریکٹری معلومات کا بہترین ذریعہ ہے، لاہور چیمبر ملک کا وہ واحد ادارہ ہے جو باقاعدگی سے اپنے ممبران کے لیے ڈائریکٹریز شائع کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی کلاسیفائیڈ ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ڈائریکٹری کو کاروباری ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، اس سے کاروباری برادری کو باہمی روابط بڑھانے اور کاروباروں کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک اور وسیع وسائل کا حامل ہے، اس کی پائیدار معاشی ترقی میں مستند کاروباری ڈیٹا بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ لاہور چیمبر کی ڈائریکٹری تمام مقامی و بین الاقوامی کاروباری اداروں اور پاکستان میں دیگر ممالک کے سفارتخانوں کو بھجوائی جائے گی تاکہ لاہور چیمبر کے ممبران کے مقامی و غیرملکی تاجروں کے ساتھ روابط مستحکم ہوں۔

مزیدخبریں