لاہور (سٹاف رپورٹر) ریل مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں جس کیلئے ایک مکمل میکانیزم کی ضرورت ہے۔ریلوے میں 450 مختلف کیٹیگریز کام کررہی ہیں جن کے مسائل حل کرنے کیلئے بے شمار قانونی پیچیدگیاں اور انتظامی امور درپیش ہیں۔ ان سب معاملات کے باوجود مسائل کے حل کیلئے 70 فیصد کام ہو چکا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبر نے ان خیالات کا اظہار متحدہ ریل مزدور اتحاد کے زیر اہتمام رائیونڈ ریلوے سٹیشن پر گینگ مین کانفرنس میں کیا۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر اور چیف پرسانل آفیسر چوہدری بلال سرور نے بھی اپنے خطاب میں ریل مزدوروں کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی کوششوں کا یقین دلایا۔ بعد ازاں متحدہ ریل مزدور اتحاد قائدیں نے بھی مزدوروں سے خطاب کیا اور اپنے مطالبات انتظامیہ کے سامنے رکھے۔ قائد مزدور اتحاد محمد سرفراز اور عناعت علی گجر مرکزی صدر نے ریلوے میں گینگ مین کے کردار پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسرپاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر کی زیر صدارت دو روزہ ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن اور ڈویژنل مکینیکل آفیسرز کانفرنس ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں منعقد ہوئی۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ مسافروں اور تاجر برادری کو سہولیات بہم پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے اپنے خطاب میں انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ آپ لوگوں کو کام کرنا ہو گا بہت سے مسائل آپ لوگوں کی تھوڑی سی توجہ سے حل ہوسکتے ہیں۔ کانفرنس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد آفتاب اکبر، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ظفراللہ کلوڑ، ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک عبدالحمیدرازی،ایڈیشنل جنرل منیجرمکینکل اعجازاحمدبروڑو، چیف انجینئراوپن لائن نثار احمد میمن،چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ عامر بلوچ، چیف کمرشل منیجر حنیف گُل، چیف مارکیٹنگ منیجر شعیب عادل، چیف مکینیکل انجینئر لوکو شاہد عزیز ، چیف مکینیکل انجینئرکیرج اینڈ ویگن راحت مرزا کے علاوہ سینئرافسران نے شرکت کی۔