راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)وفاقی سیکرٹری وزارتِ انسداد منشیات کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے بدھ کو اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا سیکرٹری وزارت انسداد منشیات کاعہدہ سنبھالنے کے بعد اے این ایف ہیڈکوارٹر کا پہلا دورہ تھا۔ ان کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلال امتیاز (ملٹری) اور اے این ایف کے اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا سیکرٹری وزارتِ انسدادِ منشیات کو اے این ایف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ، جس میں اے این ایف کی طرف سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے کی جانے والی کاوشیں، پیشہ ورانہ کامیابیاں،منشیات کی موجودہ صورتحال،منشیات کی سمگلنگ کے سلسلے میں درپیش مسائل اور نشہ آور ادویات وممنوعہ کیمیائی موادکی اسمگلنگ سے متعلق امور شامل تھے انہیں بتایا گیا کہ اے این ایف منشیات کے عادی افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے بحالی مراکز چلانے کے علاوہ منشیات کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے آگاہی سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہو ئے ہے سیکرٹری وزارتِ انسدادِ منشیات نے اے این ایف کی پیشہ ورانہ کامیابیوںاورقومی و علاقائی و عالمی سطح پر منشیات کی روک تھام کے لئے اے این ایف کے بھرپورکردار کو سراہاانہوں نے منشیات کے خلاف موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے محکمے کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پوراکرنے کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔