کراچی (اسپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آج سے تاریخی ایشز سیریز کے آغاز کے ساتھ ہی کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے 12 فل اراکین میں سے 9 ٹیمیں شرکت کریں گی اور یہ تقریباً دو سال تک جاری رہے گی۔اس چیمپیئن شپ کے انعقاد کا مقصد شائقین کرکٹ کی کھیل کے سب سے پرانے اور طویل فارمیٹ میں دلچسپی کو بڑھانا ہے جہاں ٹی20 کرکٹ کی آمد کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ ساتھ پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی۔یہ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 31مارچ 2021 تک جاری رہے گی جس کے بعد چیمپیئن شپ کی صف اول کی دو ٹیموں کے درمیان فائنل کے ذریعے چیمپیئن شپ کے فاتح کا فیصلہ کیا جائے گا۔اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 27 سیریز کھیلی جائیں گی۔انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹیسٹ کی بہترین ٹیم کے تعین کے لیے رینکنگ سسٹم کئی سالوں سے لاگو ہے جس کے ذریعے ہر سال یکم اپریل کو عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کو ٹرافی اور انعامی رقم دی جاتی ہے۔البتہ اس ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے ذریعے ناصرف شائقین کرکٹ کی ہر سیریز میں دلچسپی برقرار رہے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہر سیریز کا نتیجہ ٹیبل کی نمبر ایک اور نمبر دو پوزیشن پر اثرانداز ہو گا۔