اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے پر نس بندر بن عبدالعزیز السعود کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعظم نے ولی عہد کے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیا اور سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی مضبوط سیاسی اور معاشی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب کے ولی عہد نے وزیراعظم کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے سعودی عرب جاتے ہوئے یا واپسی پر سعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیر اعظم نے سعودی عرب کو پاکستان کا بااعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ان کے ملک کی اولین ترجیح ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات میں مزید قربت اور مضبوط شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دو طرفہ تعلقات کومختلف شعبوں میں بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی طرف سے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے کو بھلا نہیں سکتا۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان شاندار تعلقات کی تعریف کی۔ انہو ں نے مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے تمام شعبوں میں پاکستان کے لیے حمایت جاری رکھنے کا اظہار کیا۔
سعودی عرب بااعتماد دوست، تعلقات کا فروغ ترجیح ہے: عمران: حمابت جاری رکھیں گے : شہزادہ محمد
Aug 02, 2019