اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے تمام سینیٹرز نے استعفے دیدیئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی پی کے تمام سینیٹرز نے اپنے استعفے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جمع کرا دیئے۔ سینیٹرز کا موقف ہے کہ ہم اتنی بڑی شکست پر شرمندہ ہیں۔ اس حوالے سے شیری رحمان نے تصدیق کرتے بتایا کہ پی پی سینیٹرز نے اپنے استعفے بلاول بھٹو زرداری کو جمع کرا دیئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا کو بتایا کہ پارٹی کے تمام 21 سینیٹرز نے استعفے میرے حوالے کر دیئے ہیں۔ پی پی نظریاتی جماعت ہے، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہم ہار کر بھی جیت گئے ہیں۔ سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ناکامی کے بعد پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے سینیٹر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک اعتماد میں اپوزیشن کی طرف سے 14ووٹوں کا کم ہونا افسوسناک بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 14ساتھیوں نے انتہائی افسوسناک کردا ادا کیا ہے۔ ان حالات میں سینیٹ میں رہنا کم از کم میرے لئے مناسب نہیں ہے۔ سینیٹرشپ پارٹی کی امانت ہے میں اپنا استعفیٰ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیش کردوں گا۔
’’اتنی بڑی شکست پر شرمندہ ہیں‘‘ پیپلز پارٹی کے تمام 21 سینیٹرز نے استعفے بلاول کو جمع کرا دئیے
Aug 02, 2019