اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اوربالخصوص اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ جموں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرناچاہتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پرتگال اور بیلجیئم کے لئے پاکستان کے نامزد سفیروں جاوید جلیل خٹک اور ظہیر اسلم جنجوعہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دونوں نامزدسفیروں نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ صدر مملکت نے دونوں نامزد سفیروں پر زور دیاکہ پاکستان سیاحت کے شعبے میں وسیع تر استعداد کا حامل ملک ہے اور انہیں پرتگال اور بیلجیئم میں پاکستانی سیاحت کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہیے۔ صدر نے کہاکہ پاکستان پرتگال اور بیلجیئم کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے نامزد سفیروں پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات بالخصوص یورپی یونین کے تناظرمیں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کریں۔ پاکستان کی حکومت ویلیو ایڈڈ مصنوعات جیسے ڈیزائنر اشیاء کی برآمد میں اضافہ اور ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے کام کررہی ہے۔ صدر نے دونوں سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ صدر نے کہاکہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کیا اور اسے شکست دی۔ پاکستان امن پسند ملک ہے اوربالخصوص اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔