اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے پلاسٹک بیگز پر پابندی اور ماحول دوست بیگز کی تقسیم کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ آئندہ نسل کو سرسبز پاکستان دیکھنے کو ملے گا،کلین اینڈ گرین پاکستان موجودہ حکومت کا انقلابی منصوبہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کے ہمراہ اپنی وزارت کے ملازمین میں ماحول دوست بیگز کی تقسیم اور پلاسٹک بیگز کے استعمال کے رجحان کے خاتمے حوالے سے آگاہی مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ کپڑے سے بنے تھیلوں کے استعمال کو نہ صرف دفاتر بلکہ بازاروں میں بھی یقینی بنایا جائے اور لوگوں کو یہ آگاہی فراہم کی جائے کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے بچا جاسکتا ہے بلکہ بیماریوں کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی ۔اس موقع پر وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا کہ ہماری وزارت نے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے اور 14اگست سے وفاقی دارالحکومت میں اس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے۔اس موقع وزیر مملکت زرتاج گل نے ملازمین میں کپڑے سے بنے بیگز بھی تقسیم کئے۔