پشاور(بیورو رپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک اور امداد باہمی محب اللہ خان نے کہا کہ غیر فعال کو آپریٹو سوسائٹیز کو فعال بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھاتے ہوئے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے ذریعے عام آدمی کو فائدہ پہنچا کر خوشحال معاشرے کو پروان چڑھایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج باڑہ مہمند کوآپریٹو سوسائٹی پشاور کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق ان کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دیگر رجسٹرڈ سوسائٹیوں کو بھی چاہئیے کہ وہ صوبے میں ترقی کیلئے اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کومحکمہ امداد باہمی کے زیر انتظام صوبے کی انتہائی قیمتی اثاثے ہیں اور ایسے اثاثے جو غیر قانونی طور پر دئیے گئے ہیں ان کو مجوزہ قانون کے مطابق مناسب طریقے سے لیز پر دئیے جائیں تاکہ صوبے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔زراعت و لائیو سٹاک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا زیادہ انحصار زراعت و لائیو سٹاک سے وابستہ ہے اسلئے حکومت ان پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ ان کو مزید ترقی دے کر ملکی معیشت کو زیادہ سے زیادہ مستحکم کیا جا سکے۔
محکمہ امداد باہمی کے اثاثے قانون کے مطابق لیز پر دئیے جائیں‘ محب اللہ
Aug 02, 2019