لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں کالی گھٹائیں امڈ پڑیں جس کے بعد موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔
عید قرباں کے دوسرے دن ٹھنڈا ٹھار ہو گیا۔گھنگھور گھٹائیں جم کر برسیں جس سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ ٹھنڈی ہواؤں اور سرمئی بادلوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ سڑکوں پر لگے دو رویہ درختوں پر جھولتے پات دلکش منظر پیش کرنے لگے۔ ٹہنیوں پر گنگناتے رنگ برنگ پھول، باغوں میں بچھے سبز قالین اور ہر منظر نکھرا نکھرا، آسمان سے گرتی پانی کی بوندوں سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ لاہور کے علاقوں شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، کینال روڈ، تاج پورہ، فتح گڑھ، ہربنس پورہ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آبادا ور جھنگ میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔