لاہور (نوائے وقت رپورٹ) قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاک فوج قراقرم کی بلندیوں پر پہنچ گئی۔ قومی ہیرو علی سد پارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاک فوج قراقرم کی بلندیوں پر پہنچی۔ میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا (ایف سی این اے) میجر جنرل جواد احمد کا شکرگزار ہوں جو کے ٹو بیس کیمپ پر ہمیں ملنے کے لیے پہنچے اور قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا۔ ساجد علی سدپارہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان آرمی ہمارا فخر ہے۔ آخر میں انہوں نے مشن سدپارہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ پاکستان کے مایہ ناز ہیرو علی سدپارہ کے جسد خاکی کو دنیا کی بلند ترین چوٹی کے ٹو پر امانتاً دفن کر دیا گیا ہے۔ اس کی تصدیق مرحوم کوہ پیما کے بیٹے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے کی۔ ساجد سدپارہ نے کہا کہ میں نے اپنے والد کی میت کو کے ٹو کیمپ فور میں اس جگہ برف میں عارضی طور پر دفنا دیا ہے تاکہ باڈی ایوالانچ وغیرہ سے محفوظ رہ سکے۔ علی سدپارہ کے بیٹے نے کہا کہ میں نے والد کی میت کو امانتاً دفنانے کے بعد ان کی قبر کی نشانی کیلئے اس پر پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا جبکہ پوری قوم کی جانب سے ان کے ایصال ثواب کیلئے قران پاک کی تلاوت اور دعا کی۔ ساجد سدپارہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کے ٹو کیمپ فور سے علی سدپارہ کا جسد خاکی نیچے اتارنے کے لیے کم ازکم 10 سے 15 کوہ پیماؤں کی مدد کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قراقرم پہنچ گئی
Aug 02, 2021