لودھراں (خبر نگار‘ مانیٹرنگ ڈیسک) لودھراں تھا نہ گیلے وال کے علاقہ اڈا سکندری والا میں گورنمنٹ ٹیچر سجاد کے گھر کمرے کی چھت گرنے سے 3 بہن بھائی 2 کزن سمیت 5 بچے جاں بحق 3 زخمی ہو گئے۔ تین فیملیوں کے بچے کمرے میں ٹیلی ویژن دیکھ رہے تھے کہ اچانک کمرے کی چھت آ گری۔ متاثرہ کمرے کی چھت پر ساتھ ہی نئے بننے والے مکان کا تعمیراتی سامان رکھا تھا جس کا وزن برداشت نہ ہونے کی وجہ سے کمرے کی چھت گر گئی۔ مرنے والوں میں اجوا، مومنہ، موسیٰ، رحیمہ، حماد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں احمد، حنظلہ اور ہارون شامل ہیں مرنے والوں کی عمریں چار سال سے آٹھ سال ہے جبکہ زخمیوں کی عمریں پانچ سے نو سال تک ہیں۔ سلیم اور نعیم اپنے خالو سجاد کو ملنے آئے ہوئے تھے۔ افسوسناک واقعہ پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ پوری بستی میں سوگ کا سماں تھا۔ جہانگیر ترین نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے پر دلی افسوس اور دکھ ہے۔ اللہ متاثرہ خاندانوں کو صبر دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔