اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ورلڈ پاپولیشن ریویو نے دنیا بھر میں رہن سہن کے اخراجات (کاسٹ آف لیونگ) سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ 2021ء جاری کر دی ہے۔ جس میں پاکستان کو سستا ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ 22کروڑ 51لاکھ 99ہزار 937 آبادی کے ساتھ پاکستان میں کاسٹ آف لیونگ 18.58ہے۔ 3کروڑ 98لاکھ 35ہزار 428آبادی کے ساتھ افغانستان میں کاسٹ آف لیونگ 24.51، انڈیا میں ایک ارب 39کروڑ 34لاکھ 9ہزار 38کی آبادی کے ساتھ کاسٹ آف لیونگ 25.14 ہے۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ازبکستان میں کاسٹ آف لیونگ 30.25، نیپال 30.69، نائیجریا 31.75، ویتنام 38.72، ملائیشا 39.46، برازیل میں 42.64ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاسٹ آف لیونگ کے حوالے سے دنیا کے مہنگے ترین ممالک میں کیمین آئس لینڈ میں 141.64، برمنڈا میں 138.22ہے۔ سوئززلینڈ میں 122.67اور ناروے میں کاسٹ آف لیونگ 104.49ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عالمی ادارے نے ہر ملک کی رینٹ انڈیکس، مقامی قومی خرید، کنزیومر پرائس انڈیکس اور گروسری انڈیکس کو مد نظر رکھ کر یہ رپورٹ تیار کی ہے۔