مری (نامہ نگار خصوصی ) پنجاب ہاؤس مری کو باضابطہ طور پرکوہسار یونیورسٹی کے حوالے کر دیا گیا ۔ حوالگی کی تقریب میں ایم این اے صداقت علی عباسی صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز وائس چانسلر کو ہسار یونیورسٹی ڈاکٹر حبیب بخاری ،سیکرٹری گڈ گورننس راجہ خرم زمان، معاون خصوصی ٹو ایم این اے قدیر عباسی اور اے سی مری اقبال سنگھیڑہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صداقت علی عباسی نے کہا پنجاب ہاؤس کی کوہسار یونیورسٹی کی حوالگی وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے نظریے اور الیکشن منشور کے عین مطابق ہے۔ قوم آج دیکھ لے عمران خان نے جو الیکشن سے پہلے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ غلامی کے دور کی بڑی بڑی نشانیاں جو اشرافیہ کی عیاشی کے لیے استعمال ہوتی تھی پاکستان کے عام لوگوں کے مفاد میں استعمال ہوگی پنجاب ہاؤس مری کی کوہسار یونیورسٹی کا حصہ بننا اس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔کئی دہائیوں تک اشرافیہ کے زیر استعمال پنجاب ہاؤس مری اس علاقے کے اور ملک کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے طلباء طالبات کو تعلیمی خدمات دینے کے لئے استعمال کیا جائے گا یہ وزیراعظم عمران خان وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور مقامی عوامی نمائندوں کے لئے بہت بڑی نیک نامی کا سبب ہے۔