بانڈی پورہ میں 52 سالہ شخص شہید ، فورسز نے جینا محال کردیا: امپلائز موومنٹ

Aug 02, 2021

سری نگر (کے پی آئی+ اے پی پی) شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں بھارتی فوج کی حراست میں 52 سالہ شخص کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ حکام  نے ضلع میں  انٹر نٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔ کے پی آئی کے مطابق بانڈی پورہ  میں  لائن آف کنٹرول کے قریب واقع  علاقے بگتور گریز میں ایک 52 سالہ شخص  عبداللہ حجام کی نعش  بھارتی فوجی  کیمپ کے باہر سے ملی تھی۔ بھارتی فوج نے جولائی2021  کے دوران 37 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ ان میں سے 8 افراد کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ بھارتی فوج کی اس کارروائی کے نتیجے میںدو خواتین بیوہ اور سات  بچے یتیم ہوگئے۔  حکومت نے  مقبوضہ کشمیر میں  سرکاری ملازمت اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے  پولیس کی تصدیق لازمی قرار دے دی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا دعوی ہے کہ ان کی جماعت مزاحمت کرنے والی واحد جماعت ہے۔ اپنے وجود کو قائم رکھنے کے لئے مزاحمت کرنا لازمی ہوتا ہے جو مزاحمت نہیں کرتے ہیں ان کا وجود ختم ہو جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں گھریلو جانوروں میں منہ اور کھر کی بیماری پھیلنے کی وجہ سے تقریباً  600 جانور ہلاک اور 18000 متاثر ہوگئے ہیں۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط  جموں وکشمیر میں ایمپلائز موومنٹ نے شوپیان، پلوامہ، سوپور، کولگام، بانڈی پورہ، سرینگر اور دیگر علاقوں میں پر تشدد کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیری عوام کا جینا حرام کررکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انتخابی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کو جدید گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔

مزیدخبریں