مظفر آباد (نامہ نگار) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں۔ تحریک انصاف اسمبلی میں خواتین کی 3 مخصوص نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے بھی خواتین کی ایک ایک نشست حاصل کر لی ہے۔ خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر دس امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے تھے۔ پانچ خواتین امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تھے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی امتیاز نسیم، صبیحہ صدیق، تقدیس گیلانی، پیپلزپارٹی کی نبیلہ ایوب اور مسلم لیگ (ن) کی نثاراں عباسی کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی نشستوں کی کل تعداد 29 ہو گئی ہے۔ پیپلزپارٹی 12 نشستوں کے ساتھ دوسرے جب کہ مسلم لیگ (ن) 7 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ جے کے پی پی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے چوہدری یاسین نے دو نشستوں سے کامیابی حاصل کی ہے، اور انہیں ایک نشست چھوڑنا پڑے گی جس پر ضمنی انتخاب ہوگا، اس طرح خواتین کی ایک اضافی سیٹ حاصل کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی کے پاس مجموعی پر 11 نشستیں ہی رہیں گی۔آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کی خصوصی نشستوں پر آج پولنگ ہو گی۔ پولنگ ٹیکنو کریٹ‘ علماء مشائخ اور سمندر پار کشمیریوں کی نشستوں پر ہو گی۔ موجودہ سپیکر شاہ غلام قادر نومنتخب ممبران سے حلف لیں گے۔ اراکین سے حلف لینے کے بعد نئے سپیکر کا انتخاب ہو گا۔ شاہ غلام قادر نئے سپیکر سے حلف لیں گے۔ نئے سپیکر شاہ غلام قادر سے بطور رکن اسمبلی حلف لیں گے۔