زرداری‘ بلاول نے مجھ پر حملہ کرایا‘ حلیم عادل: بزدلانہ فعل ہے: فواد چودھری

نواب شاہ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ زرداری ہاؤس کے قریب آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے مجھ پر حملہ کرایا۔ میری گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا۔ انڈے پھینکے اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا۔ میرے ساتھیوں کو زدوکوب کیا گیا اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ حملہ آور زرداری ہاؤس سے آئے تھے سندھ پولیس پر اعتبار نہیں۔ ایس ایس پی نواب شاہ کے مطابق حلیم عادل شیخ نے روٹ تبدیل کیا اور زرداری ہاؤس کے قریب سے گزرے۔ حلیم عادل شیخ کے قافلے پر زرداری ہاؤس کے قریب دو انڈے پھینکے گئے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے پتھر اور گولیوں کے خول نہیں ملے۔ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو پولیس پروٹوکول دیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر حملہ بزدلانہ فعل ہے۔ سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرنے پر انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور اظہار رائے کا راگ الاپنے والے سندھ میں اپوزیشن رہنما کی آواز کو خاموش کرنا چاہتے ہیں۔ بزدلانہ کارروائیاں صوبائی حکومت کی ایماء پر کی جا رہی ہیں۔ جن کا مقصد پیپلز پارٹی کی کرپشن پر پردہ ڈالنا ہے۔ آج سندھ کا انفراسٹرکچر تباہ حال جبکہ تعلیمی ادارے مویشیوں کے باڑے بن چکے ہیں۔ حلیم عادل شیخ سندھ کے عوام کی آواز بنتے رہیں گے۔علاوہ ازیں فواد چودھری نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہرشل گبز پر کشمیر لیگ سے علیحدگی اختیار کرنے کے لئے دبائو ڈالنا افسوسناک ہے۔ میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست کے لئے استعمال کرنے کا عمل نریندر مودی پہلے بھی کر چکے ہیں۔ ہرشل گبز پر پابندی کے لئے دبائو ڈالنے سے کشمیر کی تحریک کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ فائدہ ہی ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...