ملتان (خبرنگار خصوصی) شہر کے گنجان آباد علاقہ چوک فوارہ پر قائم گورئمنٹ گرلز ایلمنٹری سکول کے اطراف میں تجاوزات مافیا نے میونسپل کارپوریشن شعبہ انسداد تجاوزات شیر شاہ ٹائون کے عملہ کی ملی بھگت سے سڑکوں پر قبضہ کرلیا ہے اور سکول کے گیٹ کو چابی و نمبر پلیٹ میکر زنے اپنی ریڑھیاں اور پھٹے لگا کر بند کردیا ہے جس سے سکول آنے والی طالبات اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پریشان کن امر یہ ہے کہ سکول کے اطراف میں قائم شاہراہ عام پر کاروبار کرنے والے تاجروں نے آدھی سڑک پر جنگلے لگا کر انہیں اپنی غیرقانونی پارکنگ میں تبدیل کررکھاہے جس کے باعث اردگرد کے مکینوں سمیت ان سڑکوں سے گزرنے والے شہریوںکو مشکلات کا سامنا ہے اس ضمن میں سکول کی متاثرہ طالبات ،ٹیچنگ سٹاف ،مکینوں و شہریوں نے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔