لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ قدرتی آفات زلزلہ، سیلاب اور دیگر ناگہانی آفات کا وقوع پذیر ہونا اللہ رب العزت کی طرف سے بندوں کے اعمال پر ناراضگی کا اظہار ہے۔جس ملک میں نااہل حکمران سودی نظام کے حامی و ناصر ہوں اورعوامی مسائل سے غفلت برتیں۔ عدالتوں میں امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قوانین ہوں۔ معاشرے میں بے حیائی اور عریانی عروج پر ہو۔ وہاں سیلاب اور دیگر نگہانی آفات کا نزول کسی بھی وقت ہوسکتاہے۔ اب وقت ہے کہ حکمران سودی نظام کو ترک کریں اور پوری قوم کیساتھ مل کر اجتماعی توبہ کریں اور ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ان خیالا ت کا انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں بلوچستان، جنوبی پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے ایمرجنسی اپیل برائے سیلاب زدگان کے حوالے سے مہم کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایگزیکٹو الخدمت فاؤنڈیشن لاہور مغیث شاہد قریشی سمیت دیگرالخدمت لاہور کے ہر سطح کے ذمہ داران موجود تھے۔