لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کے زیر اہتمام خلیفہ دوم امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی عظمت اور روشن کردار کو اجاگر کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ مرکزی جماعت اہل پاکستان عالمی مبلغ پیر سید عرفان مشہدینے کہا کہ سیدنا فاروق اعظم کا دور خلافت عدل وانصاف پر مبنی تھا۔ آپ نے بطور خلیفہ اسلامی سلطنت کو وسعت دی۔ آپ کے دور میں اسلامی نظام حکومت 22 لاکھ مربع میل تک پھیل گیا اور ہر چھوٹے بڑے کو یکساں حقوق حاصل تھے۔ آپ کی عظمت وشان میں بہت سی احادیث مروی ہیں اور رسول اللہ نے آپ کو جنت کی بشارت دی۔ آپؓ مراد رسولؐ ہیں۔ رسول اللہ کے پہلو میں آپ کا مرقد اور اس لازوال شرف میں صدیق اکبرؓکے سوا کوئی شریک نہیں۔ ناظم اطلاعات ونشریات سید احسان گیلانی نے کہا کہ سیدنا فاروق اعظمؓ کی ذات اقدس اور آپؓ کے افکار ہر دور کے انسان کیلئے مشعل راہ ہیں۔ آپ ایک عادل حکمران اور صالح وپاک کردار کے حامل تھے۔ کانفرنس سے پیر سید ارشد حسین گردیزی امیر پنجاب حیکم سرور حسین زاہد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔آخر میںملکی سا لمیت واستحکا کیلئے دعا کی گئی۔