حکومت مسئلہ کشمیر کو کسی صورت نظرانداز نہیں کر سکتی: پاکستانی ہائی کمشنر

Aug 02, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) برمنگھم برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر پالیسی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے عین مطابق ہے۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کر سکتی۔ برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ کے شہر برمنگھم میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس کی میزبانی تحریک کی مڈلینڈ برطانیہ کی چیئرپرسن آسیہ حسین نے کی جب کہ مہمان خصوصی معظم احمد خان پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطانیہ تھے۔ کونسلر ذاکر چوہدری اور کنزرویٹو پارٹی برمنگھم کے چیئرمین نے پاکستانی ہائی کمشنر کو برمنگھم میں خوش آمدید کہا اور راجہ نجابت حسین اور مس آسیہ حسین کو اس طرح کی کانفرنس منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ معظم احمد خان نے کہا کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اور کل جماعتی رابطہ کمیٹی کے اکابرین کے مشکور جن کی کوششوں اور کاوشوں میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک سفارتی میدان میں انتہائی موثر لابی گروپ کا کام سر انجام دے رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو پوری دنیا تک پہنچایا جائے گا۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلہ میں بھارت پر عالمی سفارتی دباؤ بڑھانے کاہمارا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بھارت اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ان کا حق خود ارادیت نہیں دے دیتا۔
پاکستانی ہائی کمشنر

مزیدخبریں