پی ٹی آئی دفتر پر حملے کا الزام لیگی رہنما نذیر چوہان گرفتار

Aug 02, 2022


لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور پولیس نے سابق ایم پی اے نذیر چوہان کو گرفتارکر لیا ہے۔ پولیس نے سابق ایم پی اے اور حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نذیر چوہان کو چوہنگ کے علاقے سے گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق نذیر چوہان کو ضمنی انتخابات کی کمپین کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار ایم پی اے شبیر گجر کے جوہر ٹاؤن میں انتخابی دفتر پر حملے اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس تفتیش میں نذیر چوہان کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے‘ چوہنگ پولیس کے مطابق نذیر چوہان کو سی آئی اے پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ نذیر چوہان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے اور منحرف ہونے پر ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے ٹکٹ پر حصہ لیا۔ اس حلقہ پی پی 167 سے  تحریک انصاف کے امیدوار شبیر گجر ایم پی اے کامیاب ہوئے۔

مزیدخبریں