لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہورافضال احمد کوثرنے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرزمحمد اویس ملک نے ڈی آئی جی آپریشنز کا استقبال کیا۔ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن(ر)مستنصر فیروز بھی ہمراہ موجود تھے۔ افضال احمد کوثر کو پولیس کے مسلح دستے نے سلامی پیش کی۔انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے دعائیں کیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے وزٹنگ بک میں تاثرات تحریر کئے۔قبل ازیں ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثرنے رات گئے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی ڈویژنل ایس پیز کے ساتھ میٹنگ کر کے جرائم،لاء اینڈ آرڈراور محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دفتری اور انتظامی امور بارے اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ افضال احمد کوثرنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سپروائزری افسران فیلڈ میں رہیں۔مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی کوئی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری عزت اس یونیفارم کی عزت سے وابستہ ہے۔پولیس کی ملازمت کوخلق خدا کی خدمت اور عبادت سمجھ کر کریں۔ڈی آئی جی آپریشنزنے جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک توڑنے اور قبضہ گروپوں کے خلاف فوری ایکشن لینے کا حکم دیا۔ افضال احمد کوثر نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری اورراہزنی کی وارداتوں کے انسداد کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ پتنگ بازوں، قمار بازوں اورمنشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے رات گئے امام بارگاہ بلتستانیہ اسلام پورہ کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ ،یادگار شہداپر دعا
Aug 02, 2022