اسلام آباد(نا مہ نگار)مختلف مکتبہ ہائے فکر کے علما کرام نے محرم الحرام کے دوران محبت، رواداری، افہام و تفہیم اور امن کی فضا قائم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں سب مل کر خلوص دل سے کوششیں کریں گے، دوسرے مسالک کے اکابرین کا احترام اور تمام مکتبہ ہائے فکر کی مقدسات کی توہین اور تنقیص سے اجتناب کریں گے۔پیر کو وزارت مذہبی امور میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز علما کرام و مشائخ عظام خطبا و مذہبی شخصیات کا نمائندہ اجلاس وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اس امر پر غور کیا گیا کہ کس طرح محرم الحرام کے مہینے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب ہونے سے بچایا جائے نیز محرم الحرام کی تقریبات کے دوران کرونا وائرس سے متعلق حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔اس سلسلے میں علما کرام اور مشائخ عظام ایک جامع ضابطہ اخلاق پر متفق ہوئے جس کے مطابق اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام مکاتب فکر اپنے درمیان محبت، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا قائم کرنے کی خلوص دل سے کوششیں کریں گے، دوسری مسالک کے اکابرین کا احترام کریں گے اور تمام مکتبہ ہائے فکر کے مقدسات کی توہین اور تنقیص سے اجتناب کریں گے۔علما کرام ، خطبا اور مصنفین اپنی تقریروں اور تحریریوں میں توازن و اعتدال پیدا کریں گے اور ایسے اشتعال انگیز بیانات اور تحریروں سے پرہیز کریں گے جن سے دوسروں کی دل آزاری ہو سکتی ہو، مسلکی تنازعات کو باہم مشاورت ، افہام و تفہیم اور سنجیدہ مکالمے کے اصولوں کی روشنی میں طے کریں گے۔ متفقہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوامی پلیٹ فارم سے اپنے مخالفین کے خلاف تعن و تشنیع سے مکمل اجتناب کیا جائے گا، امہات المومنین، صحابہ کرام، اہل بیت اطہار ، اولیا کرام، تبع و تابعین اور تمام اکابرین امت کے ادب و احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور ان میں سے کسی کو بھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔قومی، ملی اور ملکی حالات و معاملات میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام متفق و متحد رہیں گے، علما کرام اور خطبا واقعہ کربلا کے تناظر میں کشمیریوں کی قربانیوں کا بھی ذکر کریں گے اور ان سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ ان پر ہونے والے مظالم و جبر کو دنیا تک پہنچائیں گے۔وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اس طرح کے اجلاس صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی منعقد کئے جائیں تاکہ پورے ملک میں محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے اور ساتھ ساتھ کورونا وائرس کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے۔
علماء مشائخ
دوسرے مسالک کے اکابرین کا احترام تمام مکتبہ فکر کے مقدسات کی توہین سے اجتناب کرینگے: علماومشائخ
Aug 02, 2022