کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ پیرامیڈیکل الائنس سندھ کے رہنماؤں کی احتجاجی کال رنگ لے آئی، سیکریٹری ہیلتھ سید ذوالفقار علی شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری مولا بخش شیخ سے الائنس کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں سیکریٹری ہیلتھ نے وفد کو آگاہ کیا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف کا سپورٹنگ اسٹاف کا ٹائم اسکیل سندھ کابینہ نے منظور کرلیا ہے اس پر عملدرآمد کیلئے 5رکنی وزراء پر مشتمل کمیٹی ترتیب دے دی گئی جو جلد ہی میٹنگ کرکے اس کو قانون کا حصہ بنائے گی ، کمیٹی کے اراکین میں سید سردار علی شاہ، سید ناصر علی شاہ، سعید غنی، عذرا فضل پیچوہواورمرتضیٰ وہاب شامل ہونگے، سیکریٹری سندھ اورا یڈیشنل سیکریٹری سے ملاقات میں سندھ
پیرامیڈیکل الائنس کے وفد میں اخلاق احمد خان، سید اسلام الدین شاہ بخاری، سلیمان میمن، شریف پالاری، اسماعیل جسکانی، عبدالغفار رند، شاہد شفیع اور قاضی مشیر احمد شامل تھے۔ میٹنگ میں سیکریٹری صحت نے وفد کو آگاہ کیا کہ سروس اسٹرکچر کیلئے کمیٹی مقرر کرنے کیلئے سیکریٹری ہیلتھ نے نوٹ فار چیف سیکریٹری لگاکر روانہ کردیا ہے جس کی منظوری اگلے ہفتے تک ہوجائے گی۔ وفد نے پیرامیڈیکل الائنس تمام ملازمین کو رننگ بیسک پے کے حساب سے ملنے پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر سیکریٹری ہیلتھ سندھ نے فنانس سیکریٹری کی اناملی کمیٹی کو پیرامیڈیکل اسٹاف اور سپورٹنگ اسٹاف کے فیور میں لیٹر ارسال کردیا۔ سیکریٹری ہیلتھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اخلاق احمد خان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری ہیلتھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے مطالبات کو بغور سنا اور ہمارے مطالبات منظوری کیلئے روانہ کیا۔ پیرامیڈیکل الائنس نے فی الحال احتجاج کو موخر کردیا ہے ۔ مطالبات منظور نہ ہوئے تو سندھ بھر کے اسپتالوں کے ملازمین سڑکوں پر ہوںگے اور اپنا حق لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے، احتجاج کا ذمہ دار محکمہ صحت سندھ ہوگا۔
سندھ کا بینہ نے پیرا میڈ یکس اسپورٹنگ اسٹاف کا ٹیم اسکیل منظور کر لیا
Aug 02, 2022