کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ کے وزیر معدنیات و معدنی ترقی شبیر بجارانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ معدنیات کے شعبے کو ترقی دینا چاہتی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ سندھ میں زیادہ سے زیادہ کانکنی ہو تاہم اس وقت کارونجھر پر مائینگ بند ہے کیونکہ اس معاملے پر تھر پارکر کے مقامی لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔پیر کو سندھ اسمبلی میں محکمہ معدنیات و معدنی ترقی سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاونجھر ہمارے علاقے کی خوبصورتی ہے۔اس پر ایک کمیٹی بنائی تھی۔ جس نے مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے ان کی شکایات سنیں اورلوگوں کے تحفظات کا جائزہ لیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ فی الوقت کاونجھر پر کچھ نہ کیا جائے اس لئے ابھی وہاں پر مائننگ بند کی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورٹ کے احکامات بھی ہیں۔جیسے معاملات طے ہو جائیں گے وہاں دوبارہ کام شروع ہوجائے گا۔شبیر بجارانی نے کہا کہ گرینائٹ کا فائدہ مقامی افراد کو دیا جائے گا۔ہمیں جو اطلاع ملی ہے۔اس کے مطابق وہاں20 ملین ٹن گرینائٹ موجود ہے۔ اجلاس کے دوران پیر کو پیپلز پارٹی کی خاتون رکن غزالہ سیال نے اپنے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے حکومت سے دریافت کیا کہ سہراب گوٹھ سے غیر قانونی بس رکشا ، ٹرک اسٹاپوں کے ہٹانے کے لیے کیا اقدامات کئے گئے ہیں کیونکہ ان اسٹاپوں کے باعث وہاں پر ٹریفک کے مسائل کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے حکومت سے کہا کہ کوئی ایسا اسٹریکچر بنائیں کہ ٹریفک کے مسائل حل ہو جائیں۔پارلیمانی سیکرٹری گھنور اسراننے ان کے توجہ دلا نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا محکمہ اس پر کام کررہا ہے۔اس حوالے سے جتنی گاڑیوں پر چلان کئے گئے ہیںاس کی تفصیلات فراہم کردی جائیں گی ۔اجلاس کے دوران حصول اراضی سے متعلق ترمیمی بل پر اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی جس کے بعد اسبل کو منظور کرلیا گیا۔ایوان نے سندھ لینڈ ریونیو ترمیم بل پر اسٹینڈنگ کمیٹی رپورٹ کے بعداس بل کی بھی منظوری دی ۔سندھ اسمبلی نے پیر کوسندھ پبلک پروکیورمنٹ ترمیم بل بھی منظور کرلیا۔ وقفہ سوالات کے بعد پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کی اس وقت وہاں ارکان کی تعداد کافی کم تھی اس لئے ایوان کی کارروائی منگل دوپہر ڈھائی بجے تک ملتوی کردی گئی۔ قبل ازیں اجلاس پیر کوقائم مقام اسپیکر ریحانہ لغاری کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا ۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز میں سینئر صحافی، ماہر تعلیم اور مورخ اختر بلوچ کی وفات پر ان کے لئے دعائے مغفرت اور قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ اور ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی ۔ایوان میںہاکس بے پر جاں بحق ہونے والے چار نوجوانوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پی ٹی آئی کے پاریمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا کہ سکھر بیراج پر لاشیں تیر رہی ہیں۔ان میں سے دو لاشوں کو ابھی تک نہیں نکالا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی اجلاس