کراچی (کامرس رپورٹر) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سابق وائس چیئرمین، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کی امپورٹ، اینٹی اسمگلنگ سب کمیٹی کے سابق چیئرمین عابد نثار نے حکومت سے پیپر اور پرنٹنگ انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کیلئے سبسڈی دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قدر انتہائی بند سطح پر پہنچے اور مقامی پیپر ملوں کی منافع خوری کے باعث بحران شدت اختیار کرگیاہے جبکہ کاغذ کی قیمتیں بڑھنے سے کتابوں اور کاپیوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھورہی ہیں جس کی وجہ سے نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے باوجود طلباء کی اکثریت درسی کتابوں اور کاپیوں سے محروم رہ جائے گی اور قوم کو تعلیم یافتہ بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ عابد نثار نے حکومت سے اپیل میں نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ کاغذ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے نتیجے میں درسی کتابیں اور کاپیاں اتنی زیادہ مہنگی ہوگئی ہیں کہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں لہٰذا حکومت کو اس بارے میں سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیپر، پرنٹنگ انڈسٹری کو سبسیڈائزڈ کرے تاکہ طلبائ کو مناسب داموں درسی کتابیں اور کاپیاں میسر آسکیں اور ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے زائد نرخ، ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کی وجہ سے پہلے ہی کاروباری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے اور سونے پر سہاگہ سیاسی عدم استحکام نے بھی تاجر برادری کو مشکلات سے دوچار کیا ہوا ہے۔
برآمدات کم ہورہی ہیں مگر حکومت کو کوئی پرواہ نہیں بلکہ سیاستدان صرف کرسی کے چکر میں معیشت کا بیڑہ غرق کرنے پر تْلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگین معاشی بحران اور ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر تاجر برادری پریشان ہے کہ آنے والے دنوں میں کاروبار کیسے چلے گا؟ عابد نثار کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے مگر افسوس کاروباری وصنعتی سرگرمیوں کے مرکز شہرِ کراچی کو بری طرح نظرانداز کیا جاتاہے جو بھی حکومت آتی ہے وہ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کرتی ہے۔انفرااسٹرکچر بہت ہی بری حالت میں ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کراچی کے لیے پیکیجز کا اعلان تو کیا جاتا ہے مگر افسوس فنڈز نہیں دیے جاتے اور پیکیجز صرف اعلانات تک ہی محدود رہتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ تجارت وصنعت کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ معیشت کو بحرانوں سے نکالا جاسکے۔ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہمیں بھی اس ملک کو کچھ دینا چاہیے۔دنیا میں ہماری بڑی عزت ہے اس وقار کو ہمیں بلند رکھنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نئے ڈیم بنائے جائیں تاکہ پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے جس سے بجلی کی پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے اور صنعتوں کو سستی بجلی ملنے کے ساتھ ساتھ فصلوں کو بھی سیراب کیا جاسکے گا۔
کاغذ مہنگا : کتابیں، کاپیاں مہنگی ، عوام کی قوت خریدجواب دے گئی: عابد نثار
Aug 02, 2022