فارن فنڈنگ ثابت نہ ہوسکی، کیا اب کوئی معافی مانگے گا:علی محمد خان

Aug 02, 2022 | 11:51

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ ثابت نہ ہوسکی. کیا اب کوئی معافی مانگے گا؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں علی محمد خان نے کہا کہ کیا کوئی اب معافی مانگے گا کہ 8 سال سے پی ٹی آئی پر فارن فنڈنگ کا غلط الزام کیوں لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تو 100 فیصد سکورٹنی کر لی اور فارن فنڈنگ ثابت نہ کر سکے، اب ن لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے پوچھ ہوگئی۔

علی محمد خان نے مزید کہا کہ کیا احتساب شفافیت میریٹ ایمانداری اور انصاف کا ٹھیکہ صرف پی ٹی آئی نے لیا ہوا ہے؟ ہمارا تو ہوگیا احتساب الحمدللّٰہ سرخرو ہوئے دوسروں کا احتساب کب ہوگا؟

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آج پی ٹی آئی کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا ہے۔

ای سی پی کی جانب سے جاری کیے جانے والے فیصلے کے مطابق تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی جبکہ پارٹی نے 8 اکاؤنٹس کو اون کیا اور 13 اکائونٹس پوشیدہ رکھے۔فیصلے میں ای سی پی نے پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیوں ضبط نہ کی جائے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان نے جھوٹا بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا. پی ٹی آئی نے پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کی بھی خلاف ورزی کی۔

مزیدخبریں