امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی چین کی جانب سے سخت انتباہ کے باوجود تائیوان پہنچ گئیں۔چین نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کو 'انتہائی خطرناک' اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل چین نے نے امریکہ کو متنبہ کیاتھا کہ یہ آگ کا کھیل ہے اس میں امریکہ نہ کودے۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اسپیکر ملائیشیا سے تائیوان پہنچی ہیں، اس کے بعد وہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گی۔فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کےمطابق نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان لینڈ کرگیا ہے۔ سی این این نے بھی نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان پہنچنےکی تصدیق کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کا کہنا ہے کہ چین تائیوان میں امریکی نقل وحرکت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، امریکا بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔