آئی جی کا دورہ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ‘اخلاقیات پر فوکس کرنے کاحکم

Aug 02, 2023

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا دورہ کیا اور زیر تربیت خواتین اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے خواتین اہلکاروں کو جدید پولیسنگ کی مہارتیں سیکھنے اور خدمت خلق کو نصب العین بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کو نئے جوش و ولولے کیساتھ مکمل کریں اور پریکٹیکل پولیسنگ کی مہارتیں سیکھ کر میدان عمل میں اتریں۔انہوں نے تاکید کی کہ پیشہ ورانہ طور پر مضبوط پولیس آفیسر بننے کیلئے دوران تربیت اخلاقیات و کردار سازی پر خصوصی فوکس رکھیں۔ ویمن پولیس فورس ظلم کے آگے دیوار ہے، آپ نے اس مشن کیساتھ آگے بڑھ کر مظلوموں کا دست و بازو بننا ہے، تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے سروس ڈلیوری پراجیکٹس خدمت مراکز اور تحفظ سنٹرز شب و روز مصروف عمل ہیں۔ ٹرانسجینڈرز، سماجی عدم تحفظ کی شکار خواتین و بچوں اور صنفی جرائم کی روک تھام کیلئے ترجیحی اقدامات یقینی بنائیں۔ ہماری خواتین پولیس افسران باصلاحیت ہیں جو اپنی کارکردگی سے معاشرے میں تبدیلی لا کر دکھائیں گی۔ انہوںنے کمانڈنٹ چوہنگ کو ہدایت کی کہ دوران ٹریننگ تعمیری و غیر نصابی سرگرمیوں بشمول سپورٹس پر بھی توجہ دی جائے تاکہ خواتین کا ٹیلنٹ ہر شعبے میں سامنے آسکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ محبوب اسلم للہ اور ایس پی پی ٹی ایس چوہنگ ڈاکٹر بشری جمیل سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں