لاہور (خصوصی نامہ نگار ) جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید، مولانا محمد یوسف خان،حافظ اسعد عبید،حافظ اجود عبید،مولانا زبیر حسن اور مولانا مجیب الرحمن نے باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن میں بم دھماکہ پرشدید دکھ افسوس اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں علماء اور دینی و مذہبی کارکنوں کی مظلومانہ شہادت پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس افسوس ناک سانحہ پر پوری قوم صدمہ سے دوچار ہے انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر سانحہ باوجوڑ کے قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو فوری گرفتار کر کے خونی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے عبرت ناک سزا دے، انہوں نے کہا کہ وہ شہداء وزخمیوں کے لواحقین اور ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں،جامعہ اشرفیہ لاہورمیں مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے سانحہ باوجوڑ کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔