فر حا ن علی
farhan_ali702@yahoo.com
حکومت پاکستان کی دعوت پر صدر شی جن پنگ کے خصوصی ایلچی، چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فنگ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے سرکاری دورہ پر اتوار کو اسلام آباد پہنچے ۔ چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کے ہمراہ چینی وفد میں چینی سٹیٹ کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل گو وے، چینی نائب وزیرِ خارجہ سن ویڈونگ، نائب چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کونگ لیانگ، پیپلز بینک آف چائنا کے ڈپٹی گورنر زوان چینگنینگ اور وانگ کیبنگ، چینی وزارت تجارت کے شعبہ ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل وانگ لیپنگ، پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی چارج ڈی افئیرز پانگ چنشوئے اور دیگر اعلی چینی افسران شامل تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کا وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر گرمجوشی سے استقبال کیااور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم شہبا ز شر یف نے ملاقات کے دوران براد ملک چین کی پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب میں امداد پر چینی عوام کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص آئی ایم ایف کے ساتھ معاشی چیلنجز جیسے مشکل اوقات میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہنے کو سراہا۔ چین کے نائب وزیراعظم ہا لی فینگ نے پاکستان اور چین کی سٹرٹیجک شراکت داری پر مبنی تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اشتراک میں توسیع پر زور دیا۔ چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں چین کے مستقل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی پاکستان اور چین کی مشترکہ معاشی اور اقتصادی ترقی میںبنیادی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی 10سالہ سالگرہ اس منصوبے کو ازسر نو توسیع دینے کا ایک سنہری موقع ہے۔ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کو زرعی برآمدات بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان زرعی، صنعتی اور مواصلاتی سمیت دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا اس موقع پر روایتی پاکستانی اورچینی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان بشمول وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور مختلف وزارتوں سے اعلیٰ افسران پر مشتمل اپنے وفد کا چینی نائب وزیراعظم سے تعارف کرایا۔ اس کے بعد چینی وفد کا وزیراعظم شہباز شریف سے تعارف کروایا گیا۔ چین کے نائب وزیراعظم ہا لی فینگ کی سربراہی میں چین کے اعلی سطح کے وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی 6 دستاویزات اور یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہو ئی۔ وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور چین کے قومی کمیشن برائے اصلاحات و ترقی کے وائس چیئرمین سونگ لیان نے جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی آف سی پیک اور سی پیک فریم ورک میں سپیشل ایکسچینج آف میکنزم کے معاہدوں پر دستخط کئے۔ سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ظفر حسن اور پاکستان میں چین کی ناظم الامور فانگ چن سوائے نے چین کو سرخ مرچ کی برآمدات سے متعلق دستاویز پر دستخط کئے، این ایچ اے کے ممبر پلاننگ احسن امین اور پاکستان میں چین کی ناظم الامور فانگ چن سوائے نے قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ فیزٹو کی حتمی فزیبلٹی سٹڈی کی یادداشت پر دستخط کئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی وفد کابھر پور خیرمقدم کرتے ہوئے سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر بتایاکہ سی پیک کے تحت پاکستان میں بجلی، سڑکوں کے ڈھانچہ، پن بجلی اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں 25 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ آج معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخطوں کے بعد ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان نئے ماڈل کے تحت اقتصادی تعاون کومزید فروغ حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ دوسرے مرحلے میں بزنس ٹو بزنس حکمت عملی کے تحت زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ پاکستان چین کی معاونت سے چینی معیار کے مطابق برآمدات کو یقینی بنائے گا۔ وزیراعظم شہباز شر یف نے چین کے صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے ساتھ عوامی رابطوں کے فروغ کے لئے نائب وزیراعظم کو خصوصی ایلچی کے طور پر پاکستان بھیجنے پر شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر نے دنیا کو دکھایا ہے کہ پاکستان اور چین دوستی کے بیمثال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ چین اور پاکستان صدا بہار دوست اور آہنی بھائی ہیں۔ پاک چین دوستی برقرار رہے گی اور اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے صدر شی جن پنگ کے نظریئے اور تصورات کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے اہم منصوبے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہ منصوبے کامیابی سے مکمل ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قربانی سخت محنت اور کوششوں سے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونا چین اور چین کے صدر شی جن پنگ کا ماڈل ہے۔ ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کیمطابق ملک میں ترقی اورخوشحالی لانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10ویں سالگرہ کے موقع پرچینی صدر شی جن پھنگ نے اپنے تہنیتی پیغام میں نشاندہی کی کہ چین پاک اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا اہم ترین اولین منصوبہ ہے،جس کا 31 جولائی 2013 میں افتتاح ہوا۔اس وقت سے لے کر اب تک دونوں ممالک مشترکہ مشاورت، مشترکہ تعمیر اور مشترکہ شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔صدر شی جن پنگ نے اس با ت پر زور دیا کہ مستقبل میں چین پاکستان کے ساتھ ملکر اعلیٰ معیاری، پائیدار اور عوام دوست اہداف پر قائم رہتے ہوئے منصوبہ بندی اور انتظامات کو بہتر بنانے اور تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں ہے تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے اعلیٰ معیار کے ساتھ مشترکہ تعمیر کے شعبے میں ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے۔چینی صدرشی جن پنگ نے کہا کہ چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونماکیوں نہ ہوں، چین ہمیشہ ثابت قدمی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور دونوں ممالک خطے کے امن و خوشحالی کے لئے مزید خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
پاکستان میں سی پیک کی 10 ویں سالگرہ تقریبات میں شرکت کیلئے آئے چینی وفد اور ان کے سربراہ نائب وزیراعظم ہا لی فینگ کے اعزاز میں ایک سادہ اور پر وقارتقریب ایوان صدر اسلام آباد میں بھی ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں ہلال پاکستان کا اعزاز عطا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، کابینہ کے اراکین، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، چین کے نائب وزیر اعظم ہا لی فینگ کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کے اراکین سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران سی پیک کی10ویں سالگرہ کے مو قع پر 100روپے کا یاد گا ری سکہ اور یا دگاری ٹکٹ کا اجرا بھی کیاگیا، وزیر اعظم شہبا ز شر یف نے چینی نائب وزیراعظم ہا لی فینگ کو یاد گاری سکہ بھی پیش کیا۔کنو نشن سینٹر اسلا م آبا د میںمنعقدہ تقر یب میں وزیراعظم شہبا ز شر یف اور چینی نائب وزیراعظم ہا لی فینگ نے ایک ساتھ گلو ب کا بٹن دبا کر سی پیک کی 10سالہ تقر یبا ت کا آغاز کیا ۔
پاک چین دوستی صدابہار، کوئی رکاوٹ برداشت نہ ہوگی!
Aug 02, 2023