اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت 22 سابق ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا۔ اعلامیے کے مطابق پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے پر 22 ارکان کو پارٹی سے نکالا گیا اور پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے سابق ایم این اے سردار محمد خان لغاری اور خسرو بختیار کی بنیادی رکنیت بھی ختم کر دی گئی۔ اس کے علاوہ جاوید اختر انصاری، فاروق اعظم ملک، محمد اختر ملک، سید محمد ندیم شاہ، احتشام الحق، بہاول خان عباسی، سبین گل کو بھی پی ٹی آئی سے فارغ کر دیا گیا۔ میاں شفیع محمد، سید محمد اصغر شاہ، میاں طارق عبداللہ، محمد افضل، احسن الحق، سلیم اختر، محمد ظہیر الدین خان کی بھی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق مخدوم افکار الحسن، راجہ محمد سلیم، اکرم کانو، محی الدین سولنگی کو بھی پارٹی سے فارغ کردیا گیا ہے۔خیال رہے عثمان بزدار، محمد خان لغاری اور خسروبختیار سمیت نکالے گئے متعدد افراد نے 9 مئی واقعے کے بعد پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا تھا۔