اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کا عام انتخابات میں تاخیر یا عبوری سیٹ اپ کو طول دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ حکومت اگلے انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کسی سیاسی جماعت اور پاکستان کے حق میں نہیں ہے۔ اگلے انتخابات کا بروقت انعقاد ملک میں سیاسی نظام کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ حد بندی اور مردم شماری کے اعداد و شمار بارے تحفظات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان نے مردم شماری کے نئے اعداد و شمار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں مشترکہ مفادات کونسل(سی سی آئی) کے فورم پر ڈیجیٹل مردم شماری کے اعداد و شمار کو مرتب کرنے پر بات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ عبوری سیٹ اپ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات سے قبل نگران حکومت کے قیام کیلئے بھی بات چیت جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) آئین کی پاسداری اور 2023 کے عام انتخابات شفاف طریقے سے کرانے کا پابند ہے۔