لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی کی بھارتی درخواست پر رضامندی ظاہر کردی۔ذرائع کے مطابق بھارت کا میچ جو 15 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا تھا وہ اب 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان میچ چھ اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائیگا۔ترمیم شدہ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کیساتھ جو پہلے 12 اکتوبر کو کھیلنا تھا اس کو دو دن پہلے کردیا گیا ہے۔ یہ میچ اب 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہوگا۔پی سی بی نے ورلڈ کپ میچز کے شیڈول میں ردوبدل پر بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کو کوئی اعتراض نہ ہونے کا جواب بھجوا دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ پی سی بی کی رضامندی ملنے کے بعد آئی سی سی حکام کی مشاورت سے باقاعدہ اپ ڈیٹ شیڈول جاری کریگا۔ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کا اہم ترین میچ احمد آباد میں اب ایک روز پہلے 14 اکتوبر کو ہوگا۔ ورلڈ کپ کا پانچ اکتوبر سے آغاز ہورہا ہے، میچوں کے شیڈول میں تبدیلی لاجسٹک ایشوز کی وجہ سے کی گئی ہے۔
پاکستان ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی کی بھارتی درخواست پر رضامند
Aug 02, 2023