لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان شاہینز نے میلبورن رینیگیڈز کو شکست دیدی۔ شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹی آئی او سٹیڈیم میں میلبورن رینیگیڈز کو 19.4 اوورز میں 85 رنز پر آؤٹ کرکے 94 کے چھوٹے ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا۔اسفند علی اور عرفان منہاس کے بائولنگ اٹیک نے شروع سے ہی دبائو بنائے رکھا۔ انہوں نے چار اوورز میں تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ سجاد علی، فیصل اکرم اور احمد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔ ڈیلن بریشر کا 20 گیندوں پر 19 رنز اننگز کا سب سے بڑا سکور تھا۔شاہینز 18.5 اوورز میں 93 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ شاویز عرفان نے 32 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ روانتھا کیلاپوتھا نے 15 کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان شاہینز کے کپتان روحیل نذیر نے کہا کہ لگاتار دو کامیابیاں بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔ دونوں کامیابیاں بہترین کھیل کے ذریعے حاصل کی ہیں خاص کر تیسرے میچ کی جیت۔ کم سکور کے دفاع سے ٹیم کا مورال بہت بلند ہوا ہے۔ اس سے یہ اعتماد پیدا ہوا ہے کہ سکور کتنا ہی ہو ہم اس کا دفاع کرسکتے ہیں۔ بائولرز اور فیلڈرز کی کارکردگی اچھی رہی اسے آگے بھی جاری رکھیں گے۔ ٹیل اینڈرز کی تعریف کروں گا جنہوں نے رنز کا اضافہ کیا۔وکٹ سپن تھی اور یقین تھا کہ انہیں آؤٹ کرسکتے ہیں۔ سپنرز نے بہت ہی عمدہ بائولنگ کرکے آل آؤٹ کردیا۔
پاکستان شاہینز نے میلبورن رینیگیڈز کو8رنزسے شکست دیدی
Aug 02, 2023