اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)پاکستان سکواش کے ستارے حمزہ خان نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ حمزہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں شاندار فتح کے بعد وطن واپس پہنچے ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ، جو کہ صدر پاکستان سکواش فیڈریشن کے عہدے پر بھی فائز ہیں، نے نوجوان کھلاڑی کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف نے کہا کہ قوم کو حمزہ خان پر فخر ہے جنہوں نے 36 سال بعد ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ ایسے کھلاڑی ملک کا قیمتی اثاثہ اور قوم کے نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کی منظم پروفائلنگ کا طریقہ کار متعارف کروایا ہے جو سکواش کے کھلاڑیوں کی جسمانی اور تکنیکی صلاحیتوں کیساتھ ساتھ نفسیاتی اور جذباتی صفات کا جائزہ لے کرپیشہ ورانہ تربیت میں انتہائی اہم کردار ادا کریگا۔ ائیر چیف نے ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن کو حمزہ خان کو ہر قسم کی لاجسٹک اور انتظامی مدد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ائیر چیف مارشل ظہیربابر سدھو سے سکواش کے ابھرتے ستارے حمزہ خان کی ملاقات
Aug 02, 2023