لاہور(نامہ نگار) پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف عارضوں کے شکار ملازمین کو علاج معالجے کیلئے 48 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کردی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع اور یونٹس سے بھجوائے گئے 27 کیسز پر 48 لاکھ 29 ہزار 905 روپے دینے کی منظوری دی، اس رقم سے دوران سروس مختلف عارضوں کا شکار اہلکاروں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فورس اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فورس کیساتھ ساتھ انکے اہل خانہ کے علاج معالجے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی اجلاس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا نے کی، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ اور اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی نے مذکورہ بالا کیسز حتمی منظوری کیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو بھجوائے تھے۔
پولیس ملازمین کے علاج معالجہ کیلئے 48 لاکھ روپے سے زائدفنڈز جاری
Aug 02, 2023