بارشوں کے پیش نظر پنجاب پولیس کے افسر‘ جوان الرٹ رہیں:آئی جی پنجاب

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مون سون بارشوں کے پیش نظر پولیس فورس کوصوبے کے تمام اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے پیش نظر پنجاب پولیس کے افسران اور جوان الرٹ رہیں۔پولیس افسران و اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں مزید مستعد ہو کر ڈیوٹی انجام دیں جبکہ سپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کو خود مانیٹر کریں۔ پنجاب پولیس ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ،  ریسکیو اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے، پنجاب پولیس کے کنٹرول رومز سے بھی بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولیس افسران و اہلکار لاہور سمیت بارش سے متاثرہ سڑکوں سے نکاسی آب میں واسا اور دیگر اداروں کی مدد کریں۔ بارش کی وجہ سے متاثرہ شہریوں کو ریسکیو کرنے میں متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت کی جا رہی ہے،مزید بارش کے امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رحیم یار خان کچہ ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر محمد رمضان سمیت پنجاب کانسٹیبلری کے جوانوں امتیاز، جہانگیر اور طارق کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پولیس کچہ ایریا کے ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کوہر صورت کیفر کردار تک پہنچائے گی،  صادق شہید پولیس لائنز،کچہ ماچھکہ پولیس مقابلہ میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر سمیت چاروں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائن میں اداکی گئی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہدا کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں ۔

ای پیپر دی نیشن