پیرس اولمپکس میں 2 پاکستانی اتھلیٹس آج ایکشن میں ہونگی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیرس میں جاری کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپک گیمز میں آج پاکستان کی 2 اتھلیٹس ایکشن میں ہوں گی۔کشمالہ طلعت شوٹنگ اور فائقہ ریاض اتھلیٹکس میں صلاحیت کا مظاہرہ کریں گی۔ شوٹر کشمالہ طلعت 25 میٹر پسٹل کے مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گی۔ مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے شروع ہوں گے۔سٹارٹ لسٹ کے مطابق کشمالہ طلعت ریپڈ پسٹل کی ریلے 2 میں اپنے نشانے لگائیں گی۔ ان کا پریسیشن راؤنڈ ڈیڑھ بجے اور ریپڈ فائر راؤنڈ سوا 4 بجے شروع ہوگا۔25 میٹر پسٹل مقابلوں میں 40 شوٹرز شریک ہیں جبکہ ٹاپ 8 فائنل کھیلیں گے۔سپرنٹر فائقہ ریاض خواتین کی 100 میٹر دوڑ کے ابتدائی مرحلے میں شریک ہوں گی۔ فائقہ ریاض کا ایونٹ دن سوا ایک بجے شروع ہوگا۔پاکستانی سپرنٹر پریلیمینری راؤنڈ کی دوسری ہیٹ میں شامل ہیں۔ 4 ہیٹس کی ٹاپ 3، 3 اتھلیٹس پہلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ہر ہیٹ کی ٹاپ 3، 3 پلیئرز کے بعد 5 بہترین ٹائمنگ کی پلیئرز بھی پہلے راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی۔پاکستان کے تیسرے شوٹر جی ایم بشیر کا ایونٹ 4 اگست جبکہ ارشد ندیم کا ابتدائی ایونٹ 6 اگست کو ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن