لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیرس اولمپکس 2024 میں سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود اسرائیلی کھلاڑی خوف کا شکار ہوگئے۔اسرائیلی کھلاڑیوں کو پیرس میں کسی ریاستی سربراہ کے طرز پر سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، تاہم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد سکیورٹی حکام نے اسرائیلی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کیلئے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ 1972ء میں ہونے والے میونخ اولمپکس میں 11 اسرائیلی کھلاڑیوں اور کوچز کو قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد سے ہر اولمپکس مقابلوں میں اسرائیلی کھلاڑیوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔ پیرس جانے سے قبل بھی اسرائیلی کھلاڑیوں کو ای میلز کے ذریعے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔اسرائیل اولمپکس مقابلوں میں میزبان ملک کی فراہم کردہ سکیورٹی کیساتھ اپنی علیحدہ سکیورٹی کو بھی استعمال کرتا ہے، اس کے باوجود اسرائیلی کھلاڑیوں کیلئے اولمپکس میں سکیورٹی خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔اسرائیل کی ایک خاتون میراتھونر کا کہنا ہے کہ وہ اولمپکس کے دوران کھیل کے علاوہ اپنے ملک کا لباس نہیں پہنتی جبکہ اپنے بیگ پر بنے جھنڈے کو بھی ٹیپ لگا کر چھپا دیا ہے۔
پیرس اولمپکس: سخت سکیورٹی کے باوجود اسرائیلی کھلاڑی خوفزدہ
Aug 02, 2024