لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی تیسرے مقدمے میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کو ختم کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی۔ رجسٹرار آفس نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض لگایا تھا۔ درخواست میں بشریٰ بی بی کی نیب کے تیسرے مقدمے میں گرفتاری کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت عالیہ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز علی رضوی نے توشہ خانہ کے تیسرے کیس میں گرفتاری غیر قانونی قرار دینے اور اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف کارروائی کیلئے سابق خاتون اول بشری بی بی کی اعتراضی درخواست کے قابل سماعت ہونے بارے آج دلائل طلب کر لئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فریقین تیاری کرکے آئیں اور دلائل دیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار اور شوہر کی عدت کیس اور توشہ خانہ کیس میں رہائی کا حکم دیا گیا۔ بدنیتی سے درخواست گزار اور شوہر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں گرفتار کرلیا گیا۔