ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر کی غلہ منڈیوں میں دوسرے روز بھی ہڑتال

Aug 02, 2024

لاہور + اسلام آباد + فیصل آباد (کامرس رپورٹر + آئی این پی + نمائندہ خصوصی) زرعی اجناس پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف لاہور‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد اور فیصل آباد سمیت ملک بھر کی غلہ منڈیوں میں دوسرے روز بھی ہڑتال رہی جس کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش کی سپلائی متاثر رہی، ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کی کال پر بھی کاروبار بند  رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف غلہ منڈیوں کے تاجروں اور ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی۔ ہڑتال کے باعث لاہور کی اجناس کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ اکبری منڈی مکمل طور پر بند رہی۔ اکبری منڈی سمیت دیگر غلہ منڈیوں سے سپلائی نہ ملنے کی وجہ سے پرچون دکانداروںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اکبر منڈی کے عہدیدار اظہر اقبال اعوان نے بتایا کہ مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو اعلان کے مطابق آج تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال میں طوالت آنے سے اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ ہم ہڑتالوں کے ذریعے ہرگز عوام کو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتے بلکہ ہمارا مقصد اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 6اگست کو ملک بھر کے نمائندوں کا اجلاس ہو گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ صدر غلہ منڈی ایسوسی ایشن شیخ آصف اکرم نے کہا ہے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ فیصل آباد میں بھی غلہ منڈی کے تاجروںکی ہڑتال دوسرے دن بھی جاری رہی۔ آڑھتیوں نے مکمل شٹر ڈائون رکھا۔ دال ملز ایسوسی ایشن، کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی حکومت کے خلاف اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا حکومت نے اگر ود ہولڈنگ ٹیکسز کا نفاذ واپس نہ لیا تو احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔

مزیدخبریں