اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر دو قراردادیں منظور کر لی گئیں۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے آئین میں اختیارات کی تین شاخیں ہیں۔ قانون سازی پارلیمنٹ کا استحقاق ہے۔ عدلیہ کا کام قوانین کی تشریح اور قانون نافذ کرنا انتظامیہ کا اختیار ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ریاست اپنا اختیار صرف عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ عوام کے منتخب نمائندے ممبران اسمبلی ہیں جو قانون بنائیں گے۔ پارلیمنٹ سپریم آئینی ادارہ ہونے کے ناطے قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے۔ پاکستان بار کونسل پارلیمنٹ کے پیچھے کھڑی ہے۔ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں کام کریں ورنہ عوام کا نقصان ہو گا۔