مکہ مکرمہ (امیر محمد خان سے) غیرقانونی حجاج کی مشاعر مقدسہ میں آمد کو روکنے کے لیے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی پروگرام نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سمارٹ کیمروں کے ذریعے حجاج کی نقل و حرکت اور انکے بارے میں مکمل معلومات محفوظ کی جائیں گی۔ عازمین کو ایسے سمارٹ کارڈز فراہم کئے جائیں گے جن پر ان کی مکمل معلومات موجود ہوں گی۔ اس ضمن میں وزارت حج کی جانب سے جو شرائط رکھی گئی ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ فراہم کی جانے والی ٹیکنالوجی استعمال میں آسان ہو اور وہ دیگر سسٹم کے ساتھ بآسانی ضم ہو کر بہتر طور پر کام کر سکیں۔ وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مجوزہ سسٹم کو مکہ مکرمہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ مشاعر مقدسہ، ایئرپورٹس، حرمین شریفین کے دروازوں اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں حجاج کی رہائشی عمارتوں میں نصب کیا جائے۔