فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فلم، سٹیج، ٹی وی کے نامور اداکار سردار کمال کی نماز جنازہ جامع مسجد مدنی بٹالہ کالونی فیصل آباد میں ادا کر دی گئی۔ مرحوم کو شریف پورہ قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ سردار کمال عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث مختصر علالت کے بعد 58 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ نماز جنازہ میں فلم سٹیج ٹی وی کے نامور فنکاروں ناصر چنیوٹی، نسیم وکی، آغا ماجد، اکرم اداس، سلیم البیلا، سخاوت ناز، ہنی البیلا، قیصر پیا، تسلیم عباس، مرزا ایوب، ارشد، رانا اعجاز کے علاوہ ملک کے مشہور یو ٹیوبرز، سیاسی و سماجی شخصیات اور مداحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سردار کمال مرحوم نے پسماندگان میں ایک بیوہ، 2 بیٹے، ایک بیٹی اور ہزاروں دوست احباب سوگوار چھوڑے۔ سردار کمال چک 76 گ ب گجراں ستیانہ روڈ فیصل آباد کے مستقل رہائشی جبکہ بسلسلہ روزگار اقبال ٹاؤن لاہور میں مقیم تھے۔ ان کے ایک صاحبزادے روزگار کے ضمن میں انگلینڈ میں مقیم ہیں۔