اسلام آباد (اپنے سٹاف رپو رٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کے طوفانی دورے کیے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے3 منصوبوں کے رات گئے سے صبح تک4 گھنٹے تک دورے کیے۔ چیف کمشنر اسلام آباد و چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے اور پارک روڈ پروجیکٹس پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ جناح کنونشن سنٹر کے اپ گریڈیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ ایکسپریس وے کے 7۔6 کلو میٹر طویل روٹ کا دورہ کیا اور بھنڈر پل پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ پی ڈبلیو ڈی چوک سے ٹی چوک تک ایکسپریس وے پروجیکٹ کو2 ماہ میں100 فیصد مکمل کرنے کا حکم دیا اور ایکسپریس وے پروجیکٹ کو کنٹرولڈ کوریڈور بنانے کا پلان بھی طلب کر لیا۔ ایف ڈبلیو او کے حکام نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس کے لان میں پودا لگایا۔ 2۔7 کلو میٹر طویل پارک روڈ کی تعمیر و گشادگی کے پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا اور منصوبے کو ستمبر سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ محسن نقوی نے کام کے دوران ٹریفک کی دیگر روٹس پر منتقلی کا پلان طلب کرتے ہوئیڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی ٹریفک کو منصوبے کا دورہ کرکے قابل عمل پلان وضع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح کنونشن سنٹر میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا اورجناح کنونشن سنٹر کے مختلف شعبوں کا وزٹ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپ گریڈیشن پروجیکٹ کو جلد اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کا حکم دیا۔ دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے صادق آباد میں پولیس چوکی پر حملے کی مذمت اور حملے میں شہید3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔