ننکانہ صاحب (نامہ نگار) عوام کو طبی سہولیات کی بہترین فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری ارشد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے ادویات کے سٹاک ، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری ، ہسپتال کے مختلف شعبوں کے معائنہ سمیت صفائی ستھرائی کے عمل کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بچہ وارڈ سمیت مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور ان سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا۔ انہوں نے آوٹ ڈور میں آنے والے مریضوں سے بھی ہسپتال میں درپیش مشکلات بارے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے پرچی کاونٹرز پر عملے کی تعداد بڑھانے اور عملے کو باوردی ڈیوٹی سرانجام دینے کے احکامات بھی جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ پرچی بنانے والے مریضوں کی لائن نہ لگوائی جائیں۔اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر قربان علی رانا ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔