ممبئی واقعہ نائن الیون کی طرح بین الاقوامی سازش ہے‘بھارت نے جارحیت کی تو خود زخم اٹھائے گا:سیاسی مذہبی رہنما

لاہور /اسلام آباد( خصوصی رپورٹر+ این این آئی) ممبئی واقعہ نائن الیون کی طرح بین الاقوامی سازش ہے۔ بھارت نے جارحیت کی حماقت کی تو خود زخم اٹھائے گا‘ قبائل ہمارے ساتھ ہیں۔ بھارتی حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے الزام تراشی کر رہی ہے۔ بھارت پاکستان کو ممبئی واقعات میں ملوث کرنے کی بجائے ہندو انتہا پسند تنظیموں کو لگام دے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی مذہبی رہنمائوں نے گزشتہ روز کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین نے کہا ہے کہ ممبئی واقعہ نائن الیون کی طرح بین الاقوامی سازش ہے۔ دشمن داخلی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے ڈرامہ رچا کر پاکستان پر وار کرنا چاہتا ہے۔ حکومت کو حوصلہ سے کام لینا چاہئے۔ خوف اور کمزور ی کا مظاہرہ کیا تو دشمن کو شہہ ملے گی۔ حساس ادارے کے کسی افسر کو بھارت کے سامنے صفائی کے لئے نہ بھیجا جائے۔ حکمران صدر ایوب کی طرح آخری وقت میں کلمہ پڑھنے کی بجائے ابھی کلمہ پڑھ لیں۔ قوم کو متحد اور مقابلے کے لئے تیار کریں تو پاکستان ناقابل شکست ملک بن جائے گا۔ قبائل ہمارے ساتھ ہیں۔ فوج واپس بلا لی جائے تو وہ مغربی سرحد کا دفاع کریں گے اور مشرقی سرحد پر فوج کی پشت پر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی داخلی صورتحال بگاڑنے میں امریکہ نے بھارت کے ساتھ مل کر اہم کردار کیا ہے۔ افغانستان میں بھارتی قونصل خانے پاکستان میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں داخل ہونا چاہتا ہے جبکہ بھارت آزاد کشمیر اور مشرقی سرحد پر دراندازی کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے پاکستان پر الزام تراشی کر رہی ہے جو نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ دونوں حکمرانوں کو اس مشکل گھڑی میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہو گا تاکہ خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔ احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی الزام تراشی سے کشیدگی میں اضافہ ہو گا۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر اور اے پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے بھارتی ہائی کمشنر ستیا براتا پال کے نام خط میں ممبئی حملوں میں 160افراد کی ہلاکت کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ درحقیقت جنوبی ایشیاء کے ممالک کا امن و امان تباہ کرنے کی گہری سازش ہے۔ بھارت اور پاکستان کی قیادت کو سنجیدگی‘ فہم فراست اور جمہوری انداز سے ان واقعات کا سدباب کرنا چاہئے۔ جماعت الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع اسلام کا دفاع ہے‘ بھارتی جارحیت کی دھمکیوں پر حکومت پاکستان کی طرف سے قومی سلامتی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند قدم ہے‘ مذہبی و سیاسی جماعتوں اور حکومت کا ایک موقف ہونا چاہئے۔ بھارتی سازشوں و اقدامات کے توڑ کے لئے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کا کردار قابل تحسین ہے۔ انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پاکستان پر جارحیت کو قوم کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ وہ گزشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں ایک اجلاس کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انڈیا ممبئی حملوں میں پاکستان کو ملوث کرنے کی بجائے ہندو انتہا پسند تنظیموں کو لگام دے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ملک میں عیسائی‘ سکھ‘ چھوٹی ذات کے ہندوئوں اور مسلمانوں پر مظالم بند کر دے تو اس طرح کے واقعات خود بخود رک جائیں گے۔ متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ممبئی حملوں کی آڑ میں پاکستان کے خلاف کسی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستانی اور کشمیری عوام شانہ بشانہ بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ بھارت نے ہندو دہشت گردی اور اپنی فوج کو بدنامی سے بچانے کے لئے بمبئی حملوں کا ڈرامہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو دہشت گردی میں ملوث بھارتی فوج‘ سیاستدانوں اور سادھوئوں کے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے والے دہشت گردی سکواڈ نے چیف کو تاج ہوٹل کے باہر سے پہلے نشانہ بنایا گیا تاکہ بھارتی فوج کو بدنامی سے بچایا جائے۔ مجاہدین بے گناہ بچوں‘ خواتین اور نہتے عوام کو نشانہ نہیں بناتے۔ثناء نیوز کے مطابق سٹیل ملز کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ امریکہ‘ بھارت اور اسرائیل کا یہ مشترکہ ایجنڈا ہے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کیا جائے‘ ان ملکوں کی شاطرانہ چالوں کا مقابلہ دوراندیشی سے کرنا ہوگا۔ گزشتہ روز اپنے آبائی قصبہ میں عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس بھارت کے سربراہ کا ہلاک ہونا بھی اپنے پیچھے کئی سوال چھوڑ گیا ہے کیونکہ مذکورہ افسر نے نوہندو انتہاپسندوں کے خلاف دہشت گردی کی ایف آئی آر حتمی کررکھی تھی۔ ممبئی کے حالیہ واقعات ایک تیر کے ساتھ دو شکار کرنے کی کوشش ہے۔

ای پیپر دی نیشن