سالانہ عرس تقریبات میں شرکت کے لیے زائرین کے قافلے جوق درجوق پاکپتن پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔ سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی عرس کی رسومات ادا کریں گے ۔ اس موقع پرانتطامیہ کی جانب سے درباربابا فرید کی سیکیورٹی کو سخت کرنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں تاہم درگاہ بابا فرید الدین پردہشت گردی کے واقعہ کے بعد بھی دربار کی سیکیورٹی کو مؤثر نہیں بنایا جاسکا ۔ سکیورٹی میں موجود خامیاں اس وقت سامنے آئیں جب ایک نامعلوم خاتون دوواک تھروگیٹ سے درجنوں سیکیورٹی اہلکاروں اور لیڈی پولیس کانسٹیبل کی موجودگی میں گزرکر پستول اور گولیوں سے بھرا بیگ دربار میں لے جانے میں کامیاب ہوگئی جسے محکمہ اوقاف کی ملازمہ نے مشکوک جان کرتلاشی کے بعد گرفتار کرادیا ۔ ادھرپولیس ترجمان کے مطابق خاتون اوراس کے ساتھی کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی پی اوپاکپتن محمد کاشف نے اپنا مؤقف دینے سے انکار کیا ہے